30 مئی 2020 - 09:12
پاک و ہند میں کورونا میں مبتلا اور ہلاک ہونے والوں کی تازہ ترین صورتحال

پاک و ہند میں بھی کورونا کا قہرجاری ہے اور ان ممالک میں بھی مبتلا اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بدستور اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس (کوویڈ 19) متاثرین کی تعداد ہرروز بڑھنے کی وجہ سے اس وبا کی خطرناک شکل بڑھتی جارہی ہے اور پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے ریکارڈ 7466 نئے معاملے سامنے آنےسے مریضوں کی کُل تعداد 165799 پر پہنچ گئی ہے اور اس مدت میں 175 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں اس سے متاثر 3414 لوگ صحت یاب ہوئے ہیں جس سے  صحت یاب ہوئے لوگوں کی کل تعداد 71106 ہوگئی ہے۔

مہاراشٹر اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ مہاراشٹر میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 2598 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔اس کے بعد ریاست میں اب تک اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد بڑھکر59 546 ہوگئی ہےجبکہ جان لیوا وائرس سے اب تک 1982 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

ادھر پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 64 ہزار 28 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار317 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 40 ہزار 406 مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جن میں 496 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 22 ہزار 305 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبر پختون خوا اموات کے حوالے سے تمام صوبوں میں سرفہرست ہے اور اب تک 432 افراد ہلاک ہو گئے۔

پنجاب میں کورونا سے ہلاکتیں 410 ہو گئی ہیں۔

سندھ میں اب تک 396 مریض کورونا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے بلوچستان میں 43 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 ہزار 100 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 22 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 658 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔